نیو یارک: امریکا کے نیو یارک ایئرپورٹ کے قریب ایک معروف کوریئر کمپنی کے بوئنگ 767 طیارے کو ایک انتہائی خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں دونوں انجنوں سے پرندے ٹکرانے کے باوجود طیارہ محفوظ طریقے سے ہنگامی لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز کے دوران جہاز کے فرسٹ آفیسر نے تقریباً 500 فٹ کی بلندی پر تین سفید پرندے دیکھے، جن کے ٹکرانے کی اطلاع فوراً کپتان کو دی گئی۔ اچانک کپتان نے دھماکے کی آواز سنی اور جہاز میں جھٹکے محسوس کیے۔ اس دوران جہاز کے نظام میں آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہوگیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول نے بھی دائیں انجن میں آگ بھڑکتی ہوئی دیکھی۔پائلٹس نے فوری طور پر دونوں انجن بند کرکے دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی اور تجربے کے ساتھ جہاز کو قابو میں رکھتے ہوئے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی۔ جہاز میں موجود دونوں پائلٹس اور ایک مسافر محفوظ رہے اور کسی کو بھی چوٹ نہیں آئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انجنوں میں پرندے پھنس جانے کی وجہ سے دائیں انجن میں آگ لگ گئی تھی، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

نیویارک ایئرپورٹ پر سال 2024 میں فضا میں پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے 137 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جو ایوی ایشن سیکورٹی کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ پائلٹس کی غیر معمولی مہارت اور فوری ایکشن کی وجہ سے جان لیوا حادثے سے بچا، اور ایوی ایشن سیکیورٹی حکام کو پرندوں سے متعلق حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت کی طرف متوجہ کیا ہے۔

Shares: