ادیتیا چوپڑا کا فلم انڈسٹری کے 30 ہزار ورکرز کو کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز یش راج فلمز پروڈکشن کے سربراہ اور معروف اداکارہ رانی مکھر جی کے شوہر ادیتیا چوپڑا بھی مدد کے لئے سامنے آ گئے-

باغی ٹی وی : بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں شدت کے ساتھ جاری ہیں اس صورتحال میں بھارت کی فلم نگری بھی پیچھے نہیں ہے
بالی وڈ کے کچھ سپراسٹار دوسرے ممالک میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں توبالی وڈ کے کچھ ستارے ایسے بھی ہیں جو کوویڈ کے خلاف جنگ میں اپنے ہم وطنوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوئے ہیں ان میں اب فلمساز ادیتیا چوپڑا بھی شامل ہو گئے ہیں-

میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتیا چوپڑا اس مشکل وقت میں انڈسٹری کے لوگوں کی مدد کرنے کے خواہشمند دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے فلم انڈسٹری کے 30 ہزار ورکرز کو کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان کیا ہے-

فلمساز کا کہنا ہے کہ وہ انڈسٹری کے تمام لوگوں کی ویکسینیشن پروگرام کے تمام اخراجات خود برداشت کریں گے۔

انہوں نے اس ضمن میں ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے پر زور دیا کہ وہ ان کی کمپنی کو کورونا وائرس کے 60 ہزار ڈوز خریدنے کی اجازت دیں۔

اپنے ایک بیان میں ادیتیا چوپڑا کا کہنا تھا کہ اس وقت فلم انڈسٹری ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے، تاہم ایسے میں ہزاروں ورکرز کو جتنا جلدی ہوسکے اپنی کمائی کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کو محفوظ بناسکیں۔

ادیتیا چوپڑا نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں اور وزیراعلیٰ مہاراشٹر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انڈسٹری کے 30 ہزار رجسٹرڈ ورکرز کو ویکسین لگوانے کے لیے ویکسین کی خریداری کی اجازت دیں۔

Leave a reply