دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خرید وفروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا

0
31

پشاور: بالی وڈ کے لیجنڈ اور سینئیر اداکار دلیپ کمار کے پشاورمیں آبائی مکان کو قومی ورثہ قرار دیے جانے کے بعد مالک مکان اور حکومت کے درمیان قیمت پر کی وجہ سے معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

باغی ٹی وی : پشاور میں بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خرید وفروخت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے مکان کے مالک نے ڈی سی کو درخواست دی جس میں کہا گیا ہے کہ مکان کی حالت ایسی نہیں کہ اس کی تعمیر نو کرکے اسے قومی ورثہ بنایا جائے جب کہ مالک مکان نے مکان کی قیمت بھی 35 کروڑ مانگ لی ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر آرکیالوجی عبد الصمد کا کہنا ہے کہ حکومت فیصلہ کر چکی ہے کہ مالک کو سرکاری ریٹ کے مطابق مکان کی قیمت ادا کی جائے گی مالک مکان کی طرف سے لگائی قیمت بہت زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے 2011 میں دلیپ کمار کے آبائی مکان کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے آفر دی تھی جس پر عملی طور پر کچھ نہ ہوسکا یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ حکومت اور مالک مکان کے مابین قیمت سمیت دیگر معاملات کیسے طے پائیں گے اور کب تک گھر کو تیار کرکے قومی ورثہ کے طورپر عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دلیپ کمار کے ترجمان فیصل فاروقی نے کہا تھا کہ پشاور میں جنوبی ایشیا کے بڑے فنکاروں دلیپ کمار، کپور فیملی، شاہ رخ خان اور دیگر کے آبائی گھروں کی اہمیت کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے۔

ان فنکاروں کے آبائی گھروں کو محفوظ بنانے سے پشاور کی اہمیت میں اضافہ ہو گا اور ملک میں سیاحت کی صنعت کو بھی استحکام ملے گا۔

پشاور میں دلیپ کمار اور کپور خاندان کے گھروں کے موجودہ مالکان اور حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مل کر باہمی اتفاق سے قیمتوں کا تعین کریں تاکہ میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔

پشاور دلیپ کمار کے دل میں بستا ہے ترجمان فیصل فاروقی

Leave a reply