سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی:خطرناک حقائق بھی آگئے

0
27

اسلام آباد:سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی:خطرناک حقائق بھی آگئے ،اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا میں سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی صاحب زادی نور مقدم قتل کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو موصول ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ کی موت دماغ کو آکسیجن سپلائی بند ہونے سے ہوئی، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مقتولہ کا سر دھڑ سے الگ کیا گیا، مقتولہ کے گھٹنے کے نیچے کے حصے پر زخموں کے متعدد نشان ہیں، مقتولہ کے جسم پر متعدد مقامات پر چاقو کے گہرے زخم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے معدے سے لیا گیا مواد بھی فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے، تاہم اس کی رپورٹ پولیس کو تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

پولیس نے اس کیس میں ایک مشتبہ ملزم ظاہر جعفر کو حراست میں لے رکھا ہے، جس کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے پروسیس شروع کر دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر آفس آنے والی درخواست وزارت داخلہ بھجوائی جا چکی ہے اور اب وزرات داخلہ کابینہ کمیٹی سے منظوری کے بعد اس کا نام ای سی ایل میں شامل کرے گی۔

واضح رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا، پولیس کے بیان کے مطابق جب اطلاع پر اہل کار وہاں پہنچے تو انھیں ہاتھ پاؤں بندھا ملزم ظاہر جعفر بھی ملا، جو نشے میں نہیں تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پولیس کو اطلاع کس نے دی تھی، ملزم کے ہاتھ پاؤں کس نے باندھے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نور مقدم اور ملزم جعفر آپس میں دوست تھے، مقتولہ دو دن قبل دوستوں کے ہمراہ لاہور جانے کے لیے گھر سے والد اور والدہ کی غیر موجودگی میں نکلی تھی، لیکن پھر وہ جعفر کے گھر گئی اور دو دن تک اسی کے گھر پر رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نور کی گردن آری سے نہیں، بلکہ چھری سے بے دردی سے کاٹی گئی تھی، پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم برطانیہ میں رہا ہے، آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل کی ہدایت پر ملزم کا بیرون ممالک انگلینڈ ،امریکا سے بھی کریمنل ریکارڈ لیا جائے گا۔

Leave a reply