میشا شفیع کی علی ظفرکے خلاف ایک درخواست مسترد ہوگئی

لاہور: میشا شفیع کوایک اورجھٹکا:علی ظفرکے خلاف ایک درخواست مسترد ہوگئی ،اطلاعات کے مطابق عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کی ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

لاہور کی سیشن عدالت کے جج یاسرعلی نے میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے میشا شفیع کی ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے میشا شفیع کے گواہوں کو 27 اکتوبر کو طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے گزشتہ سماعت پر سائبر کرائم کی ایف آئی آر کا فیصلہ ہونے تک دعوے پر کارروائی روکنے کی استدعا کی تھی۔ میشا شفیع کا موقف تھا مقدمہ درج ہونے سے گواہ خوف کا شکار ہیں، لہذا ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمے کا فیصلہ ہونے تک علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکی جائے۔

دوسری جانب علی ظفر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا تھا میشا شفیع تاخیری حربے استعمال کررہی ہیں، ان کے صرف پانچ گواہ مقدمے میں نامزد ہیں، لہذا عدالت میشا شفیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی مکمل کرے۔واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے پر میشا شفیع کے خلاف ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔

Comments are closed.