علی پور: زمین پر ناجائزقبضہ کرنے والے تین ملزمان کو تین سال قید اور جرمانہ، مظفرگڑھ جیل منتقل

اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )علی پور میں زرعی زمین پر قبضہ کرنے والے تین ملزمان کو تین سال قید اور جرمانہ، مظفرگڑھ جیل منتقل

تفصیلات کے مطابق علی پور کی عدالت نے شہری دلشاد علی کی زرعی زمین پر ناجائز قبضہ ثابت ہونے پر تین ملزمان کو تین تین سال قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی اور مظفرگڑھ جیل بھیج دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج علی پور کے فیصلے کے خلاف ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں اپیل دائر کی تھی، جسے غیر قانونی قبضہ نہ چھوڑنے کی بنیاد پر خارج کر دیا گیا۔ عدالت کے حکم پر تھانہ خیرپور سادات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زمین کا قبضہ اصل مالک دلشاد علی کو دلا دیا۔

موضع خیر پور سادات کے رہائشی دلشاد علی نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان رانا مبین، رانا وسیم اور رانا فرمان نے اس کے پانچ کنال چھ مرلہ زمین پر ناجائز قبضہ کر کے رہائشی تعمیرات اور مویشیوں کا بھانہ قائم کر دیا تھا۔ عدالت نے تین ماہ کی سماعت کے بعد ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ ماہ مزید قید بھگتنی ہوگی۔

پولیس کی کارروائی کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب اقدام پر اہل علاقہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی سے علاقے میں قانون کی بالادستی اور پولیس کے کردار پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

Comments are closed.