توہین عدالت کیس: غیرارادی طور پر نکلے الفاظ پر افسوس ہے. عمران خان

0
26

عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، کویں کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں اپنا نیا جواب جمع کرادیا ہے۔

عمران خان نے اپنے جواب میں خاتون جج کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر گہرے افسوس کا اظہار کر دیا ہے۔ عمران خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ غیرارادی طور پر نکلے الفاظ پر افسوس ہے، اور اپنے الفاظ پر خاتون جج سے پچھتاوےکا اظہارکرنے پر بھی شرمندگی نہیں ہوگی۔

عمران خان کا جواب غیر تسلی بخش قرار

یکم ستمبر کو بھی چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس میں اپنا جواب جمع کرایا تھا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ ( چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیر اور جسٹس بابر ستار) نے سابق وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کا عبوری حکم نامہ جاری کیا جس کے مطابق دوران سماعت مدعا علیہ (عمران خان) کے جواب کا مطالعہ کیا گیا، جس میں توہین عدالت کا شوکاز نوٹس خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ دو صفحات پر مشتمل عبوری حکم نامے میں کہا گیا کہ عمران خان کا جواب غیر تسلی بخش ہے، اس لئے شوکاز نوٹس واپس نہیں لے رہے۔

مدعا علیہ کے وکیل نے شوکاز نوٹس کا ضمنی جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی۔ اس لئے انہیں حکم دیا جاتا ہے کہ 7 دن کے اندر ضمنی جواب داخل کیا جائے۔

قبل ازیں 31 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے عبوری جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے 8 ستمبر تک دوبارہ جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔ جبکہ واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کچھ دیر میں بہاولنگر روانہ ہوں گے، جہاں وہ چشتیاں بار سے اور بہاولنگر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

Leave a reply