صارفین کے حقوق پر ڈاکہ ،سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیئے سردارذوالفقارعلی خان دلہہ کے پٹرول پمپ پر مہنگے داموں پٹرول کی فروخت جاری-
باغی ٹی وی : تبدیلی کہیں اور آئی یا نہیں چکوال میں ضرور آچکی ہے ،ایک طرف کپتان کے گراں فروشی اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے دعوے تو دوسری طرف ان کی ٹیم کے اپنے ہی کھلاڑی گراں فروشی میں سب سے آگے ہیں اور عوام کی جیبیں کاٹ پر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف عمل ہیں جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے-
حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی اپنے ذاتی پٹرول پمپ دلہہ پٹرولیم سروسز (Exceed Petroleum)نزد نیلا دلہہ انٹرچینج پر دو روپے فی لیٹر مہنگا پٹرول بیچ کر عوام کی جیبوں پرڈاکہ ڈال رہے ہیں سرکاری نرخ پس پشت ڈال کرریاستی رٹ چیلنج ،نہ کوئی روکنے والا ،نہ ٹوکنے والا اور نہ ہی پوچھنے والا ہے-
پٹرول پمپ مینجر سے جب کوئی صارف زائد نرخ وصول کرنے کی شکایت کرتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ یہی قیمت ہے یہی ادا کرنا ہو گی، صارف اگر حکومتی نرخ پر اصرار کرے تو اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں،کریڈیبل نیوزپاکستان کو موصول ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے-
ملک بھر میں اس وقت پٹرول کی موجودہ قیمت 127.30روپے ہے جبکہ ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام پر دو روپے کا مزید بوجھ ڈال کر 129.20روپے میں سرعام فروخت کررہے ہیں-
سردار ذوالفقار دلہہ کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ نہیں،ان کے پٹرول پمپ پر حکومتی نرخ پر پٹرول کی فروخت ہو رہی ہے آج انہوں نے نرخ چیک کیا، جب انہیں بتایا گیا کہ صارف کی طرف سے بطور ثبوت ویڈیو موجود ہے جو آپ سے شیئر کی جارہی ہے تو انہوں نے فون کاٹ دیا ،ویڈیو دیکھنے کے بعد کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا-
جبکہ ان کے فون نمبر پر متعدد بار رابطے کی کوشش کی مگر انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس بھی اسی پٹرول پمپ کے حوالے سے پٹرول کے سرکاری نرخ سے تین روپے زائدوصولی کی شکایات سامنے آئی تھیں جس کے بعد ڈپٹی کمشنر چکوال نے زائد نرخ وصولی کے حوالے سے ایکشن لیا تھا ۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے جہاں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا وہیں وزیراعظم نے مہنگائی بڑھنے کا اعتراف کیا اور سدباب کیلئے اقدامات اٹھانے کا عندیہ بھی دیا مگر دوسری جانب حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی اپنی ہی حکومت کے مقررہ کردہ نرخ پر پٹرول بیچنے کی بجائے سرعام مہنگے داموں پٹرول فروخت کرکے عوام کی جیبیں کاٹ رہے ہیں –