آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پانچویں سالانہ خواتین کانفرنس 2025 لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔
کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی باوقار خواتین نے شرکت کی اور اپنی شرکت سے تقریب کو وقار بخشا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد زاہد نے حاصل کی۔ سیدہ مصور صلاح الدین نے عقیدت و احترام سے نعتیہ کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض راقم نے ادا کئیے ۔سحرش خان نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔محترمہ ریحانہ عثمانی نے فلسطین میں جاری مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ہر فرد کو انفرادی و اجتماعی سطح پر آواز بلند کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے تمام شرکاء نے پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔نمرہ ملک کی خوبصورت اور پراثر پنجابی نظم نے محفل کو ایک خاص رنگ عطا کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی.
معروف لکھاریہ گل ارباب ،پی آر او ٹو گورنر پنجاب محترمہ لالہ رخ ناز، ڈپٹی سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب محترمہ ظل ہما، عالمی شہرت یافتہ اسٹرولوجر سامعہ خان ،لیجنڈری اداکارہ عذرہ آفتاب،علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ صبح ،دبنگ جرنلسٹ دعا مرزا،اینکر پرسن ثناء آغا خا ن ،ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر انعم پر ی ،علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر فضیلت بانو،معروف شاعرہ کومل جوئیہ، لیگل ایڈوائزرایڈووکیٹ سعدیہ ہما شیخ ،تحریک نفاذ اردو کی متحرک رکن فاطمہ قمر نے بطور گیسٹ سپیکر اور بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
معزز مہمانانِ گرامی نے معاشرے کی ترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لائیں۔ فلسطین کے موضوع پر بھی سب نے اپنی آواز بلند کی ،اور مظلوموں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔شرکاء نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز، ذاتی تجربات اور جدوجہد کی کہانیاں پیش کر کے محفل میں موجود سامعین کے دلوں میں امید، ہمت، محنت اور کامیابی کی لو روشن کی ۔شرکاء کا مزید کہنا تھا کے بانی محترم ایم ایم علی اور پیٹرن ان چیف زبیر احمد انصاری کی قیادت میں تنظیم علم، ادب، شعور اور خواتین کی ،فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد بھی انہی اعلیٰ مقاصد کا عکس تھا۔
اپووا کے پیٹرن ان چیف زبیر احمد انصاری کی سرپرستی تنظیم کو وسعت اور مضبوطی فراہم کر رہی ہے، جو اس کانفرنس کی کامیابی سے عیاں ہے۔اس کے علاوہ اس پر وقار تقریب کے انعقاد میں اپووا کے بانی محترم ایم ایم علی کی بصیرت، محنت اور خاموش قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ان کی انتھک کوششوں سےاپوواایک فعال اور مؤثر ادارے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ ان کی قیادت میں یہ پلیٹ فارم خواتین، ادیبوں، اور صحافیوں کے لیے ایک روشن مثال بن چکا ہے۔
تقریب کے آغاز سے قبل ثمینہ طاہر بٹ کی طرف سے معزز مہمانوں کی پرتکلف ناشتے سے تواضع کی گئی، جس نے ماحول کو مزید خوشگوار اور دوستانہ بنا دیا۔ ناشتہ مہمان نوازی اور روایتی اقدار کا خوبصورت عکس تھا، جس پر شرکاء نے منتظمین کی بھرپور تعریف کی۔تقریب کے اختتام پر APWWA کی صدر محترمہ ثمینہ طاہر بٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس خوبصورت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور خواتین کو ایسے ہی پلیٹ فارمز ملتے رہیں گے جہاں وہ اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کر سکیں۔تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جہاں تمام شرکاء نے مل کر وطنِ عزیز پاکستان، امتِ مسلمہ خصوصاً فلسطینی عوام، اور اپووا کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔اللّٰہ تعالیٰ اس نیک مقصد کو مزید ترقی عطا فرمائے اور ہم سب کو خدمتِ خلق اور اصلاحِ معاشرہ کی توفیق دے۔ آمین