مسجد اقصیٰ کے احاطے میں فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپ ، 170 فلسطینی شہری زخمی
رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے روز نماز جمعہ کے دوران مسجد اقصیٰ کے احاطے میں فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپ میں 170 فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگائی جس کے بعد مسلمانوں نے احتجاج کیا اور مسجد میں گئے، بعد ازاں قابض اسرائیلی فوج بھی مسجد اقصیٰ میں داخل ہو گئی نمازیوں کو عبادات سے روکے جانے پر احاطہ میدان جنگ میں بدل گیا جھڑپوں میں 170سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے
https://twitter.com/muhammadHarees5/status/1390891626852196352
نماز جمعہ شروع ہونے سے پہلے ہی کافی تعداد میں اسرائیلی پولیس اہلکار مسجد اقصیٰ کے باہر تعینات کیے گئے تھے جو فلسطینی باشندوں کو نماز ادا کرنے میں رکاوٹ پیدا کر رہے تھے۔ فلسطین کی ریڈ کریسنٹ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 170 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں 83 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زیادہ تر کیسز میں میں لوگوں کی آنکھیں اور چہرے زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بارڈر پولیس بیس پر فائرنگ کے بعد دو فلسطینیوں کو گولی مار کرشہید اور ایک تیسرے کو زخمی کردیا۔ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان المبارک کی شروعات کے ساتھ ہی اسرائیل نے فلسطینی باشندوں کے ایک اہم اجتماع پر پابندی عائد کر دی، جو روایتی طور پر افطار کے وقت ایک خاص مقام پر جمع ہوتے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی پٹی میں کشیدگی ایک ہفتے سے جاری ہے ۔