افغانستان میں قیام امن کی منزل مزید قریب ، صدر اشرف غنی نے طالبان کا مطالبہ پورا کرنے کے لیے دستخط کردیے

0
34

افغانستان میں قیام امن کی منزل مزید قریب ، صدر اشرف غنی نے طالبان کا مطالبہ پورا کرنے کے لیے دستخط کردیے

باغی ٹی وی : افغانستان میں قیام امن کی منزل مزید قریب آ گئی، صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے حکمنامے پر دستخط کردیے۔

افغان میڈیا کے مطابق انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز 16 اگست سے دوحا میں ہوگا، طالبان کے ترجمان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کردی۔

اُدھر افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے صدارتی حکمنامے پر دستخط کردیے ۔ اس سے پہلے اشرف غنی نے ان قیدیوں کو خطرناک ترین قرار دے کر رہا کرنے سے انکار کیا تھا

دوسری طرف امریکی نمائندۂ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان امن مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
واضح‌ رہے کہ افغان طالبان کے ساتھ اس کا تاریخی امن معاہدہ اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ افغانستان میں امریکی فورسز کے پانچ اڈے ختم کر دیے گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکا نے معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کے پہلے مرحلے کی تکمیل کیلئے سخت محنت کی، جن میں فوجیوں کی تعداد میں کمی اور پانچ فوجی اڈوں سے انخلا شامل ہے۔

زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ جیسے ہی معاہدہ اگلے مرحلے میں داخل ہوگا، امریکا کی سوچ بعض شرائط پر مبنی ہوگی۔ ہم قیدیوں کی رہائی، تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات میں پیشرفت پر زور دیتے رہیں گے۔

دوسری جانب طالبان نے امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج نے غیر فوجی علاقوں میں بمباری اور کابل حکومت کی حمایت میں جارحانہ حملے کئے ہیں۔

افغان میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ طالبان کیساتھ معاہدے کے تحت افغانستان میں امریکی فورسز کے پانچ اڈے ختم کر دیے گئے ہیں۔ امریکا کے جن فوجی اڈوں کا بند کیا گیا ہے وہ صوبہ ہلمند، ارزگان، پکتیا اور لغمان میں قائم تھے۔

رواں برس فروری میں دونوں امریکا اور طالبان کے مابین معاہدے میں واشنگٹن نے آئندہ برس کے وسط میں افغانستان سے تمام فوجیوں کے انخلا کا عزم کیا جس کے بدلے میں طالبان نے دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے مذاکرات کا وعدہ کیا تھا۔

امریکا طالبان امن معاہدے میں اہم پیشرفت،افغانستان میں امریکی فورسز کے پانچ اڈے ختم

Leave a reply