اے ایس آئی اکرم خان کا قتل، بڑی پیشرفت سامنے آگئی
پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی اکرم خان کے قتل میں ملوث ملزم کو اورنگی ٹاؤن سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات پر اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی اور اے ایس آئی اکرم خان کے قتل میں ملوث ملزم محمدآصف عرف بھایا کو منگھو پیر اجتماع گاہ سے گرفتار کرلیا۔
رینجرز نے بتایا کہ ملزم محمدآصف 28اگست کو اےایس آئی کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، فوٹیج میں ملزم محمد آصف کو پولیس اہلکار پر فائرنگ کرتے دیکھا گیا۔
یہ بھی کہا گیا کہ دوران تفتیش ملزم نے اےایس آئی اکرم خان کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرلیا، ملزم اوراس کاساتھی محمدشاہین عرف بہاری کئی بارجیل جاچکے ہیں۔
اس ضمن میں ترجمان رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کے خلاف متعدد تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کو اسلحہ سمیت مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔