صدر مملکت آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، آرمی چیف نے آصف زرداری کو پاکستان کے صدر، مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صدر مملکت کو دہشت گردی کےخلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔آرمی چیف نے ملاقات میں روایتی خطرات کےخلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی، جنرل سید عاصم منیر نے ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاستی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔صدر آصف زرداری نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا، قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔آصف زرداری نے قومی طاقت کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔