چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دیے جانے پر ملک کی اعلیٰ سیاسی، عسکری و حکومتی قیادت نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت، خدمات اور عسکری حکمت عملی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی، دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز دراصل مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال خدمات کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کی ترقی کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران شاندار عسکری قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج، ان کے غازیوں، شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر قوم کے محسن ہیں اور ان کی بطور فیلڈ مارشل ترقی پوری قوم کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ان کے شاہینوں کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دی اور ان کی غیر معمولی عسکری قیادت اور قومی خدمات کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنرل عاصم منیر کی ترقی کو ان کی محنت، استقامت اور قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر قرار دیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
سردار ایاز صادق نے فیلڈ مارشل کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے مسلح افواج کا حوصلہ مزید بلند ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
یوسف رضا گیلانی نے جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
ملک احمد خان نے جنرل عاصم منیر کی قیادت کو "تاریخ کا سنہری باب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کو یکجہتی اور وقار کی نئی مثال دی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے فیلڈ مارشل کی ترقی کو پاک فوج کے مورال میں اضافہ قرار دیا اور آپریشن بنیان مرصوص کو ایک بڑی کامیابی کہا۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی مبارکباد
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترقی نہ صرف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی عسکری خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ یہ فیصلہ عوامی جذبات اور قومی سلامتی کے تقاضوں کا بھی ترجمان ہے۔
برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ فری ٹریڈ ڈیل معطل کر دی
وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان این ایف سی ایوارڈ پر اتفاق