اٹک نے کراچی کو شکست دیکر نیشنل بینک آف پاکستان ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی اپنے نام کر لی

0
22

*اٹک نے کراچی کو شکست دیکر نیشنل بینک آف پاکستان ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی اپنے نام کر لی*

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی (02-06-2022)نیشنل بینک آف پاکستان ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2022 گریڈ ٹوکے فائنل میں اٹک نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کو شکست دیدی۔فاطمہ جناح کرکٹ گراؤنڈ کوئٹہ میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے اٹک کی سائیڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ اٹک کے بیٹسمینوں نے شروع سے ہی جارہانہ انداز اپنایا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، محمد راحیل 59 اور احتشام الحق 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کی جانب سے طاہر علی، عبدالوہاب اور حسن رضا ایک ایک وکٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں کراچی نے 203 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کی اورطاہر علی کی سنچری کی بدولت عمدگی سے ہدف کا تعاقب کیا تاہم 5 رنز کی کمی کے باعث وہ نیشنل بینک آف پاکستان ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2022 کا ٹائٹل اپنے نام نہ کرسکی۔ کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا سکی۔ طاہر علی 104 اور بسم اللہ خان 21 رنز بنا کر ٹاپ ا سکورر رہے۔ اٹک کی جانب سے احتشام الحق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اورمین آف دی میچ ایوارڈحاصل کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ، سی ایس آر آفیسر این بی پی جناب جنید اقبال، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز پی بی سی سی سید سلمان بخاری، ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن پی بی سی سی جناب عاطف قیوم، پی سی بی کوئٹہ کی جانب سے جناب منصور خان کے نمائندے اورصدر کیو سی سی بی جناب نصر اللہ شاہوانی بطور مہمان مدعو تھے جبکہ مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ بی ون کیٹیگری میں اٹک کے محمد سہیل، بی ٹو میں کوئٹہ کے نعمت اللہ اور بی تھری میں ملتان کے محمد صفدر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ کوئٹہ کے نصیب اللہ کے حصے میں آیا۔

Leave a reply