آٹے اور چینی کی قیمتیں کم گھی پر سبسڈی دینے کا فیصلہ

0
66
miftah

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آٹے اور چینی کی قیمتیں کم جبکہ گھی پر سبسڈی کی منظوری دے دی-

باغی ٹی وی : وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت منعقدہ ای سی سی کے اجلاس میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی اجلاس کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں پسے ہوئے طبقے کے لیے آٹے اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی سمری منظور کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کر کے 800 روپے اور چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلوکرنے کی منظوری دی گئی ہے اسی طرح ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینےکی بھی منظوری دی گئی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے وزیراعظم ریلیف پیکج کی مئی تا جون تک توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

اجلاس میں پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دی گئی جبکہ ای سی سی کے تحت پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے اور پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا ہے پاسکو کو 0.50 ملین میٹرک ٹن اور پنجاب کو ایک ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت دی گئی ہے، پاسکو 28.50 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب 145.50 ارب سے گندم خریدے گا۔

ای سی سی نے ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری مؤخر کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کے بعد اب مسالہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں 200 گرام سرخ مرچ کی قیمت میں 36 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے،100 گرام ہلدی کی قیمت میں 4 روپےکا اضافہ کیا گیا ہے 200 گرام دھنیا 9 روپے ، 50 گرام بڑی الائچی 18 روپے ،سبز الائچی 13 روپے، 200 گرام سفید زیرہ 23 روپے ، 50 گرام لونگ 16 روپے مہنگی کر دی گئی ہے یوٹیلیٹی اسٹورز کی برانڈ کی 950گرام چائےکی قیمت میں 47 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال، بیسن اور کھجور پرسبسڈی ختم کردی گئی تھی دالوں کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد دال ماش 278 اور دال مونگ 170 روپے فی کلو بیسن کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کیاگیا تھا جس سے بیسن 170 سے 190 روپے کلو ہوگیا –

یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈ کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا جس کے تحت مختلف برانڈ کے کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ ہواجب ہ مختلف برانڈ کا فی لیٹر دودھ بھی 20 روپے مہنگا ہوا ہے مختلف برانڈ کے 1500 ملی لیٹر کے شربت کی بوتل 51 روپے تک مہنگی کی گئی تھی اور 190گرام چائےکی پتی کی قیمت میں 12 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا-

Leave a reply