ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ملک بھارت کو انتہا پسند چلا رہے ہیں۔وزیرا عظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ملک بھارت کو انتہا پسند چلا رہے ہیں۔

جرمن خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پہلا لیڈر تھا جنہوں نے خبر دار کیا تھا کہ بھارت میں کیا ہورہا ہے۔ ہندوتوا انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کی نظریاتی سوچ ہے۔ آر ایس ایس 1925 میں جرمن نازیوں سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھی۔آرایس ایس کے بانی نسلی تفاخر پریقین رکھتے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس کی بنیاد مسلمانوں اور مسیحیوں سمیت دیگر اقلیتوں سے نفرت ہے۔ بھارت پر انتہا پسندانہ نظریاتی سوچ ہندوتوا غالب آچکی ہے۔ بھارت اور ہمسایوں کے لیے المیہ ہے کہ آر ایس ایس نے ملک پر قبضہ کرلیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہی آر ایس ایس ہے جس نے عظیم مہاتما گاندھی کو قتل کروایا تھا۔
واضح رہے وزیراعظم کی زیر صدارت کشمیر سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، معاون خصوصی معید یوسف اور دیگر سینیئر حکام بھی شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں رواں سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

اجلاس کے شرکاء نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو زیرِ بحث لانے کا خیر مقدم کیا۔ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کا زیرِ بحث آنا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری کا مظہر ہے۔

Comments are closed.