اٹک (نمائندہ باغی ٹی وی) اٹک کے نواحی گاوں ماڑی میں پانچ سالہ بچی کی آبروریزی کا معاملہ، ایڈووکیٹ رضیہ صبا کا رضاکارانہ کیس لڑنے کا اعلان، صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بچے سب کے سانجھے، ان کے جنسی و جسمانی استحصال کے خلاف جدوجہد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،
تفصیلات کے مطابق اٹک کے نواحی گاوں ماڑی میں پانچ سالہ بچی کی آبروریزی کے معاملے میں ملزم وسیم زیب جوڈیشیل ریمانڈ پر ہے، ملزم کو متاثرہ بچی کی جانب سے شناخت کرنے کے بعد انصاف کی امید پیدا ہوگئی ہے، بچی کے والد مالی طور پر غیر مستحکم اور کلاس فور کے ملازم ہیں،
ذرائع کے مطابق ان حالات کو دیکھتے ہوئے ایڈووکیٹ ہائی کورٹ رضیہ صبا نے بچی کا کیس رضاکارانہ طور پر لڑنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملزم کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے،
ایسے ملزمان کو رعایت ملنے کا مطلب یہ ہے کہ علاقے کے تمام بچوں کو خطرے میں ڈال دیا جائے، ریاست کو ایسے ملزمان کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانی چاہیے اور عبرت ناک سزائیں دینی چاہیے،
دوسری جانب کیس کے تفتیشی آفیسر اے ایس آئی پرویز اختر کا کہنا ہے کہ پولیس انکوائری مکمل کرنے کے قریب ہے جلد ہی چالان عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔