
اٹک(باغی ٹی وی) مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ ترقی کا پیش خیمہ، بلاسود قرضوں کی فراہمی
حکومت پنجاب زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ ایک اہم قدم ہے جو ان کی معیشت میں بہتری کا سبب بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک اٹک ڈاکٹر اویس اکرم نے لائیو اسٹاک کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں انہوں نے حکومت پنجاب کے ویژن اور وزیر لائیو اسٹاک و زراعت اور سیکریٹری لائیو اسٹاک کی زیر نگرانی جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال افراد کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جو بنک آف پنجاب اور حکومت پنجاب کے مشترکہ منصوبے کا حصہ ہیں۔ ان قرضوں سے مویشیوں کی خوراک کو بہتر بنا کر دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر اویس اکرم نے مزید کہا کہ یہ کارڈ مویشی پال حضرات کی معاشی حالت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی اور قومی سطح پر گوشت اور دودھ کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔ انہوں نے زمینداروں اور مویشی پال افراد کو ترغیب دی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
تقریب کے اختتام پر تحصیل اٹک کے موضع دکھنیر کے رہائشی محمد پرویز کو لائیو اسٹاک کارڈ جاری کیا گیا اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ یہ اقدام مویشی پال افراد کے لیے حکومت کی بھرپور حمایت اور تعاون کا واضح مظہر ہے۔