
اٹک باغی ٹی وی (ملک امان شجاع) ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت زیرو ویسٹ آپریشن شروع، تین ماہ میں صفائی کا ہدف
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اٹک شہر اور تحصیلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم تین ماہ میں مکمل کر کے اٹک کو کلین اینڈ گرین ضلع بنانے کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔
ایک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو آپریشن کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اٹک کی 13 یونین کونسلز کے لیے 431 ورکرز کی بھرتی شروع کر دی ہے جبکہ 89 چھوٹی اور بڑی گاڑیاں صفائی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خریدی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1139 اور موبائل نمبرز 03152008305، 03151039970 فراہم کیے ہیں۔ شہری "ستھرا پنجاب” موبائل ایپ، کنٹرول روم نمبر 0519291108، اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جہاں صفائی آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اٹک کی اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبین اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینیجر آپریشنز سید حسن سردار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ گلیوں یا نالیوں میں کوڑا پھینکنے کے بجائے مخصوص کوڑا دانوں میں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ کوڑے کے ڈھیر صاف کرنے والے ورکرز شہریوں کے تعاون کے منتظر ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ جلد اٹک زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل کرے گا اور ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب منصوبہ ثابت کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے مشن کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ "ہم سب نے مل کر اٹک کو پنجاب کا صاف اور سرسبز ضلع بنانا ہے۔”