پاکستان ریلوے نے کراچی سے پشاور چلنے والی عوام ایکسپریس کی نجکاری کا عمل مکمل کردیا.
باغی ٹی وی کے مطابق ہارون برادرز اینڈ کمپنی نامی فرم کو تقریباً ساڑھے تین ارب روپے سالانہ کے عوض ٹھیکہ دینے کی منظوری دی گئی جورواں ماہ دسمبر کے آخر میں عوام ایکسپریس کا کنٹرول سنبھال لے گی۔اس ضمن میں گزشتہ دنوں چیف کمرشل منیجر پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرلاہورنے کراچی‘ سکھر‘ ملتان‘ لاہور ‘راولپنڈی اور پشاور میں پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کے نام ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے پشاور چلنے والی عوام ایکسپریس (13 اپ/14 داؤن) کونجی شعبہ کی تحویل میں دینے کی منصوبہ بندی کے تحت سب سے زیادہ بولی دینے پر میسرز ہارون برادرز اینڈ کمپنی کے سپردکردیا ہے۔مراسلہ کے مطابق ہارون برادرز اینڈ کمپنی نے عوام ایکسپریس کے لئے سب سے زیادہ 3 ارب45 کروڑ10 لاکھ روپے سالانہ ( علاوہ ٹیکس) کے عوض بولی دے کر مذکورہ ٹرین چلانے کا ٹھیکہ حاصل کرلیا ہے جس کی پاکستان ریلوے نے باضابطہ منظوری دے کر عوام ایکسپریس کا نظام متعلقہ کمپنی کے حوالے کرنے کی ہدایت کر دی ہے جو رواں ماہ دسمبر کے آخر میں ممکنہ طورپر عوام ایکسپریس کا نظام سنبھالے گی۔واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے نجکاری کے دوسرے مرحلہ میں کراچی ایکسپریس‘ عوام ایکسپریس‘ ہزارہ ایکسپریس‘ بہاؤالدین ذکریا ایکسپریس‘ مہر ایکسپریس ‘ سکھر ایکسپریس‘ چناب ایکسپریس‘ مہران ایکسپریس‘ موہنجوداڑو پسنجر اور راولپنڈی پسنجر کو نجی شعبہ کے ذریعہ چلانے کی منصوبہ بندی کی تھی جس کے مطابق عوام ایکسپریس کی نج کاری کا عمل مکمل ہوگیا۔
پاکستان پوسٹ میں وزیر ’اپنوں‘ کو نوازتے رہے، انکوائری میں انکشاف