پاکستان ہی میرا گھر ہے، اذان سمیع خان کا دو ٹوک اعلان

0
32

کراچی:عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ہی میرا گھر ہے۔تفصیلات کے مطابق اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی، ایک انٹرویو میں اذان نے کہا کہ بھارت میں رہنے کا فیصلہ ان کے والد کا تھا اور میں ان کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔

عدنان سمیع کے بیٹے اذان سمیع خان نے کہا کہ میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں بھارت جاکر اپنا کیریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں تو میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی میں اپنے گھر کی طرح مانتا ہوں، والد اور میرا رشتہ بہت عجیب ہے، میں ان سے اور ان کے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق اذان سمیع نے کہا کہ میں ان کا بیٹا ہوں لہٰذا میرا حق نہیں ہے کہ میں ان پر یا ان کے کسی فیصلے پر تبصرہ کروں لیکن میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ اذان سمیع خان کا شمار پاکستان کے نامور موسیقاروں میں ہوتا ہے انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پرے ہٹ لو کی موسیقی ترتیب دی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔

Leave a reply