سرگودھا (باغی ٹی وی، نامہ نگار شاہنواز جالپ) پولیس لائنز، خواتین کانسٹیبل کی ہراسگی پر انسپکٹر آزر ندیم کو ضلع بدر کر دیا گیا،انسپکٹر آزر ندیم کے خلاف انکوائری میں کرپشن اور ناجائز عزائم کی تفصیلات سامنے آئیں، آئندہ کسی اہم عہدے پر تعیناتی پر پابندی
تفصیل کے مطابق سرگودھا پولیس لائنز میں خواتین کانسٹیبل کے ساتھ ہراسگی کے معاملے میں پولیس کی اعلیٰ قیادت نے سخت کارروائی کی ہے۔ سیکورٹی انچارج انسپکٹر آزر ندیم کو ضلع بدر کر دیا گیا ہے اور ان کی آئندہ کسی بھی اہم عہدے پر تعیناتی پر واضح احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوران انکوائری یہ بات سامنے آئی کہ آر اے لیڈی کانسٹیبل انسپکٹر آزر ندیم کے ناجائز عزائم کی تکمیل میں سہولت کاری کرتی رہی۔ انسپکٹر آزر ندیم نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی لیکن اپنی صفائی میں کوئی ٹھوس ثبوت یا گواہ پیش نہ کر سکے۔
انکوائری کے دوران یہ بھی پتا چلا کہ آزر ندیم کی شہرت اچھی نہیں ہے اور وہ محکمے کے لیے بڑی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ریکارڈ چیک کرنے پر یہ بھی انکشاف ہوا کہ انسپکٹر آزر ندیم کو تین مرتبہ محکمہ سے ڈسمس کیا جا چکا ہے اور وہ کرپشن کے دو مقدمات میں بھی ملوث ہیں۔
اس تمام صورتحال کے بعد پولیس لائنز کی خواتین کانسٹیبل نے ہراسگی کے حوالے سے آئی جی پنجاب کو خط لکھا تھا، جس کے بعد انکوائری کی گئی اور انسپکٹر آزر ندیم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔