پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے پاکستان کے معروف ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم باغی ٹی وی نے نیا ملی ترانہ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” جاری کر دیا ہے۔ یہ ترانہ صرف ایک گیت نہیں، بلکہ قومی یکجہتی، عزم اور افواج پاکستان سے محبت کا مظہر ہے۔ترانہ عافی بخشی نے گایا ہے، جس کے بول کا آغاز "پاکستان کا مطلب کیا؟ لاالہ الااللہ” جیسے نعرے سے ہوتا ہے۔ اس ابتدائی مصرع نے ہی ترانے کو ایک دینی اور قومی فریم میں باندھ دیا ہے، جس سے سامعین کے دلوں میں حب الوطنی کی چنگاری بھڑک اٹھی ہے۔

ترانے میں پاکستانی قوم کی حب الوطنی اور وطن سے غیر مشروط محبت،دشمن کے خلاف قربانی دینے کے جذبے کا اظہار،افواج پاکستان کی جرات و بہادری کی تعریف،دفاع وطن کے لیے ہر قیمت چکانے کے عزم کی یاددہانی کا ذکر کیا گیا ہے،ترانے میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے تاریخی الفاظ "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کو شامل کیا گیا ہے، جو ملک دشمن قوتوں کو ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا.

باغی ٹی وی نے یہ ترانہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا، جسے عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے اسے "جذبہ بیدار کرنے والا”، "وقت کی ضرورت” اور "افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار” قرار دیا ہے۔”پاکستان ہمیشہ زندہ باد” صرف ایک ترانہ نہیں، بلکہ یہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے جو دشمن کو واضح پیغام دیتا ہے کہ یہ وطن کل بھی قائم تھا، آج بھی ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔

Shares: