پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں افسران نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون کی اہمیت کو بڑھانا ضروری ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون میں اضافے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال میں پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کوششوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو اقدامات کیے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں اور بحرین ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہش مند ہے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین عسکری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔