بختاور کی منگنی کی تقریب:بلاول بھٹوکی ورچوئل شرکت ،اورکون کون شریک ہوگا آج پتہ چل جائے گا

0
36

کراچی : بختاور کی منگنی کی تقریب:بلاول بھٹوکی ورچوئل شرکت ،اورکون کون شریک ہوگا آج پتہ چل جائے گا،اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میں کورونا کی تشخیص کے باجود ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی جمعہ کو ہونے والی منگنی کی تقریب ملتوی نہیں کی جا رہی تاہم مہمانوں کو مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ شریک ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔

بلاول ہاؤس کے ایک ترجمان عثمان غازی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری اپنی بیٹی کی منگنی کی تقریب میں موجود ہوں گے جبکہ بلاول کی تقریب میں ورچوئل شرکت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے تاہم اس حوالے سے ملٹی میڈیا کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور کی منگنی متحدہ عرب امارات میں مقیم لاہور کے کاروباری خاندان کے ممبر چوہدری محمود کے ساتھ آج بلاول ہاؤس کراچی میں ہو رہی ہے۔

تقریب کے دعوت نامے قریب تین سو قریبی خاندانی اور سیاسی شخصیات کو جاری کیے گئے ہیں جن میں آنے والوں سے اپنے تازہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق چوہدری محمود کے خاندان کے افراد پہلے ہی بلاول ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔

کورونا وبا کے باعث تقریب کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مہمانوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کورونا کی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ ہمراہ لائیں اور ماسک پہنیں جبکہ بیٹھنے کے انتظامات میں بھی سماجی فاصلے کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ تقریب کھلے آسمان تلے لان میں ہو گی اور وہیں مہمانوں کو رات کا کھانا پیش کیا جائے گا۔

Leave a reply