بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن کے اجلاس میں ہوئے اہم فیصلے
بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن کے اجلاس میں ہوئے اہم فیصلے
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر زپنجاب ، خیبر پختونخوا ہ اوربلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس کاآغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر کروانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہےاور الیکشن کمیشن اس بات کویقینی بنائے گا کہ ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر کروائے جائیں تاہم اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ حکام کا تعاون بہت ضروری ہے ۔
لوکل گورنمنٹ الیکشنز ونگ کے متعلقہ افسران نے کمیشن کو ملک بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے پنجاب حکومت نے ضروری دستاویزات اور نقشہ جات ابھی تک فراہم نہیں کیے جس پر کمیشن نے یہ ہدایات جاری کیں کہ اس سلسلے میں حکومت پنجاب کو لکھا جائے کہ فوراًحلقہ بندی رولز اعلامیہ جاری کرے اور تمام ضروری دستاویزات اور نقشہ جات الیکشن کمیشن کو فراہم کئے جائیں ، تاکہ حلقہ بندی کا کام شروع کیا جا سکے مزیدبرآں کمیشن نے ہدایات جاری کیں کہ چونکہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے 2017 کے مردم شماری کی منظوری دی جا چکی ہے اس لئے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں حلقہ بندی شروع کرنے کے لئے متعلقہ صوبائی حکومت کو ضروری دستاویزات اور نقشہ جات فراہم کرنے کے لئے لکھا جائے اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے سات اضلاع میں ملتوی شدہ حلقہ بندی کو اس سٹیج سے جہاں حلقہ بندی منجمد ہوئی تھی دوبارہ شروع کیا جائے ۔
کمیشن نے مزید ہدایات دیں کہ اسلام آباد کپٹیل ٹیرٹری کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزارت داخلہ کو لکھا جائے کہ وفاقی علاقہ میں یونین کونسلز کی تعداد ایک مقررہ مدت کے اندر مہیا کی جائے بصورت دیگر الیکشن کمیشن یونین کونسل کی پرانی تعداد پر حلقہ بندی کا کام شروع کر دے گا،تاکہ حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا جاسکے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کٹوپنمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کےحوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست موصول ہونا باقی ہے جس پر کمیشن نے حکم جاری کیا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے بتایا جائے کہ ایک مقررہ مدت کے اندر درخواست برائے انعقاد انتخابات مہیا کی جائے بصورت دیگر الیکشن کمیشن اپنے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے الیکشن کے انعقاد کی تاریخ پر غور کرے گا۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اگلا اجلاس 27 مئی 2021 کو طلب کیا گیا ہے جس میں تمام صوبوں کے سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ ،وزارت داخلہ،محکمہ ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس اور ادارہ شماریات کے متعلقہ حکام کو بھی طلب کیا جائے گا۔ اجلاس میں آج ہونے والے فیصلوں پرعمل درآمد اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔