fbpx

بلوچستان کا مثبت امیج دنیا کو دکھایا جائے، صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری اور گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے، صوبہ بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، عوامی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز رکھنے اور صوبہ کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے، ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے بھی زیر بحث آئے ہیں، گورنر بلوچستان نے چیئر مین سینیٹ کو صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ہے.

چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں اور گوادر بندرگاہ سے صوبے کی قسمت بدلے گی، ترقیاتی منصوبوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گا، بلوچستان میں کرونا کی صورتحال سنگین ہو رہی ہے، کرونا وبا کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے اور وبا کے خلاف عوام کیلئے آگاہی مہم چلانے پر زوردیا ہے، کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔