لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر بلوچستان حکومت دے گی انوکھی سزا

0
31

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر بلوچستان حکومت دے گی انوکھی سزا

باغی ٹی وی : بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے کےلیے انوکھی سزا مقرر کردی. ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی شہری قوانین کی پاسداری نہیں کرتا تو اسے گرفتار کرکے قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے گا کیونکہ کورنا وائرس کے متاثرین میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، جو خطرناک ہے۔

یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید 21 افراد میں آج کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں 486 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ شہر میں رینڈم ٹیسٹنگ کے عمل کو شروع کر دیا گیا ہے۔ صرف کوئٹہ میں لوکل ٹرانسمیشن کے 268 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں رعایت برقرار رہے تو ان کو تعاون کرنا ہوگا۔ اگر عوامی تعاون نہ رہا تو رعایت کا فیصلہ واپس لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے ایک پی ایس آر مشین مل چکی ہے جبکہ ایک حکومت بلوچستان نے خریدی ہے۔ ٹیسٹ کو روزانہ ایک ہزار تک بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مزید طبی اور حفاظتی سامان بھی مختلف ہسپتالوں میں فراہم کر دیا گیا ہے۔

ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں لاک ڈاون میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی جس میں تمام پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاون میں توسیع آج دوپہر 12بجے سے 5 مئی دوپہر 12بجے تک کی گئی ہے اور اس دوران تمام پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔ اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں عوامی مقامات پر 10یا 10سے زائد افراد کےاجتماع پر پابندی برقرار ہے جب کہ نجی اور سرکاری مقامات پر ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے اس کے علاوہ درباروں، درگاہوں سمیت تمام مقامات پر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر، بین الاضلاعی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہےگی جب کہ خاتون یا معمرافراد کےعلاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور کار میں 2 افراد سے زائد کی سواری پر بھی پابندی رہےگی البتہ بیمار شخص کی صورت میں کار میں تیسرے شخص کی سواری کی اجازت ہوگی۔

Leave a reply