بلوچستان کے ضلع پشین کی تحصیل برشور توبہ میں لیویز فورس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دو دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔ اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت اور مؤثر اقدامات سے علاقے کو ایک بڑے دہشتگردی کے حملے سے محفوظ کر لیا گیا۔حکومت بلوچستان کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے کے ایک بہادر مقامی چرواہے نے دہشتگردوں کو اپنے گاؤں میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ چرواہے کی جرات مندی سے دہشتگردوں کو ٹکر ملی جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ چرواہے اور مقامی افراد کی جانب سے دہشتگردوں کی روک تھام کی کوشش نے سکیورٹی فورسز کو فوری کارروائی کا موقع فراہم کیا۔لیویز فورس نے علاقے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران شدید مقابلہ ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے دو دہشتگرد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے جس کی مدد سے مزید کارروائیاں کی جا سکیں گی۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں اور بے گناہ شہریوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی حمایت سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی دہشتگرد کو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے تاکہ کوئی بھی ممکنہ خطرہ روکا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں مزید آپریشنز کر رہی ہیں تاکہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور عوام کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔بلوچستان میں حالیہ کارروائیاں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف پوری طرح متحرک ہیں اور دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved