وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا خوف دشمن پر طاری ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پاک فوج کے خلاف باتیں کرنے پر شرم آنی چاہیے۔
لاہور کے حلقہ این اے 127 میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ ابھی بھی پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے مگر حکومت اس کی ترقی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ہم الیکشن پر آنے والے نہیں ہم پہلے بھی آپ کے پاس آئے تھے اور آتے رہیں گے، ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔علاقے کی گلیوں اور سڑکوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اب تک 50 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔سلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی و خوشحالی کا منشور اپنایا ہے اور ملک بھر میں ن لیگ کا نام واضح طور پر نظر آتا ہے۔ ایک سیاسی جماعت گزشتہ ساڑھے بارہ سال سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہی ہے لیکن وہاں ترقیاتی صورتحال مایوس کن ہے،ہمارا دل پختون بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، مگر اس صوبے کو کھنڈر بنا دیا گیا، کچھ نہیں بنایا جا سکا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حلقے کے ایم پی اے میاں عمران جاوید دن رات عوام کی خدمت کے لیے محنت کر رہے ہیں اور وہ بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں،حلقے میں مزید ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔








