راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے اطراف آج صبح سے ہی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں بانی پی ٹی آئی سے وکلاء اور اہلِ خانہ کی ملاقات شیڈول ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے علاقے کو ہائی الرٹ زون قرار دیتے ہوئے اضافی نفری تعینات کر دی ہے جبکہ جیل کے اطراف غیر معمولی چیکنگ جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق دفعہ 144 کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ داخلی راستوں پر رکاوٹیں اور چیک پوسٹس بڑھا دی گئی ہیں،گورکھپور اور داہگل سمیت جیل سے متصل بازار بھی پولیس نے بند کروا دیے ہیں ، حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورتحال میں امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔

پی ٹی آئی قیادت کے مطابق آج ملاقات کے لیے بیرسٹر گوہر خان،سلمان اکرم راجہ،انتظار پنجوتھا جبکہ اہلِ خانہ میں علیمہ خان،عظمیٰ خان،نورین نیازی اڈیالہ جیل جائیں گی۔یہ تمام افراد ضابطے کی کارروائی اور ضروری کلیرنس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج کوئی بھی سیاسی ورکر اڈیالہ جیل نہیں جائے گا۔ قیادت کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی غیر ضروری تصادم یا صورتحال سے بچنا چاہتی ہے۔

Shares: