بینک آف پنجاب کے سی ای او کے ساتھ طیارہ حادثہ کے وقت کیا بیتی؟ حیران کن انکشاف کر دیا

0
34

مئی 2020 میں جب طیارہ حادثے کا شکار ہو رہا تھا تو مجھے اس وقت یہ یقین تھا کہ آج مجھے کچھ نہیں ہو گا، اور پھر وہی ہوا جو میں سوچ رہا تھا کہ طیارے حادثے میں دو کے علاوہ باقی تمام مسافر شہید ہو چکے تھے اور جب میرا طیارہ حادثے کا شکار ہو رہا تھا تو عین اسی وقت میرے والدین اوراد و وظائف پڑھ تھے جس وجہ سے مجھے نئی زندگی ملی

ان خیالات کا اظہار بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعور نے ملتان میں چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ مجھے جب نیا جنم ملا تو میں نے سوچ لیا تھا کہ اللہ تعالی مجھ سے خلق خدا کے لیے کچھ کام لینا چاہتے ہیں سو میں نے بیماری کے دوران گھر سے ہی بینک آف پنجاب کو پاکستان کے بہترین بینکوں میں لانے کے لئے کام شروع کر دیا ۔

اس بینک کو ترقی دینے کے لئے میں نے سب سے پہلے ملتان کا انتخاب کیا کہ جنوبی پنجاب کے کاروباری اداروں کو ترقی دینے اور اپنے صارفین کو کم سے کم شرح سود میں قرضہ دینے پر بینک آف پنجاب مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا بینک تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کو کم سے کم شرح سود پر ٹریکٹر دے رہا ہے اور اب تک ہم کاشتکاروں کو دوسو ٹریکٹر دے چکے ہیں ۔اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی ہاوسنگ سیکم کے تحت سب سے کم شرح سود قرضے دے رہے ہیں ۔
اس موقعہ پر ڈیرہ غازی خان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعور کو اولیائے ملتان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کو دیکھ کر اس لئے بھی خوشی ہو رہی ہے کہ آپ موت کو شکست دے کر آئے ہیں، یقینا زندگی کے اس جنم میں آپ کی والدہ محترمہ کی دعاوں کا بہت اثر ہے ۔خواجہ جلال الدین رومی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بینک آف پنجاب کو اپنا بینک اس لئے کہتے ہیں کہ یہ ہمارے صوبے کا بینک ہے ۔اس لئے ہماری خواہش ہے کہ آپ کا بینک جنوبی پنجاب کے صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دے۔

خواجہ جلال الدین رومی کی تقریر کے بعد ظفر مسعور نے کہا کہ ملتان، بہاولپور اور فورٹ منرو سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں اور میری خواہش ہوگی کہ اگلی مرتبہ جب جنوبی پنجاب کے دورے پر آوں تو جہاں بہت سے نئے منصوبے سامنے لاوں وہاں میں ٹیبل ٹینس کے حوالے سے اپنی یادوں کو تازہ کروں، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں ہر برانچ میں اسلامک بینکنگ بھی شروع کر رہے ہیں تاکہ معاصر بینکوں کا مقابلہ کیا جا سکے ۔انھوں نے کہا کہ آنے والے پانچ برسوں میں بینک آف پنجاب ملک کے پانچ بڑے بینکوں میں شمار ہو گا کہ اب ہم نئے ویثرن کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔

تقریب میں ملتان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر تنویر اے شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے صنعت کار آپ کے بینک کے ساتھ دست تعاون بڑھانے کو تیار ہیں اگر بینک آف پنجاب بھی ویسے ہی ہمارے ساتھ تعاون کرے۔
تقریب میں خواجہ محمد یونس، سید افتخار علی شاہ، خواجہ محمد عثمان، خواجہ محمد فاروق، ملک رب نواز اور دیگر نے خطاب کیا ۔

بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعور نے ملتان بہاولپور اہل قلم کے لیے ملتان لٹیریری فیسٹول کرانے کا اعلان کیا اس موقعہ پر شاکر حسین شاکر نے انھیں اپنی کتابوں کا سیٹ بھی پیش کیا تقریب کے آخر میں خواجہ جلال الدین رومی اور تنویر اے شیخ نے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعور کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں ۔

Leave a reply