پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے ملک کی موجودہ سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے سیاسی سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے تمام فریقین سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور مفاہمت کی جانب قدم بڑھائیں۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا”اب بہت ہوگیا، معاملات سلجھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے، یہ ملک اور اس کے سسٹم کے لیے بہتر ہے۔”ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی اور معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اور ایسے حالات میں مسلسل محاذ آرائی کسی کے مفاد میں نہیں۔میڈیا گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے متعلق بھی واضح مؤقف اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ”بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ اس وقت جیل میں ہیں، لیکن عمران خان کبھی کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔”انہوں نے عمران خان کے اصولی مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے حق کے لیے لڑتے رہے ہیں اور اُن کی جدوجہد کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا”اللہ نے پاکستان کو کامیابی عطا کی اور افواج پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔”انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہماری افواج ہمیشہ چوکس اور تیار رہتی ہیں، اور قوم کو ان پر فخر ہے۔