آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعدبھارتی پراکسیز کے ممکنہ حملوں کو روکنا ہو گا، خالد مسعود سندھو

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد بھارت رسوائی کم کرنے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، بھارتی سرپرستی میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے،پاکستان کے عوام بھارتی سازشوں و دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، بنیان مرصوص کی کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کر دیئے ہیں

ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک،ترجمان تابش قیوم و دیگر نے خضدار اسکول بس پر حملے کے ردعمل میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اس کے ایجنٹ نرم اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں،بھارت کی ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے، معصوم بچوں پر حملے انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہیں، جن پر عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے

مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کو افواج پاکستان نے بنیان مرصوص شروع کر کے”تندور” میں بدلا، اب مودی سرکار سے قوم جواب مانگ رہی ہے اور بھارتی حکومت پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے، لیکن مودی کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی،پاک فوج اور قوم متحد ہیں، اور بھارتی دہشتگردی کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی،رہنماؤں نے حملے میں شہید بچوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی ہے.

Shares: