بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو قریشی نے سنائی بڑی خوشخبری

0
37

بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو قریشی نے سنائی بڑی خوشخبری

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے پاکستانی بیرون ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں،

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی رابطہ کمیٹی نے17پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی، ہم ان پاکستانیوں  کو بتدریج واپس لائیں گے،ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے، ہماری دوسری ترجیح ویزا ایکسپائرہونے والے پاکستانی ہیں،تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیرتعلیم طلبا کو واپس لانا ہے،

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ 4 سے11اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کےشیڈول کا اعلان کیاہے،ہمیں ان تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ سےگزارنا ہے،ہم اپنی ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی استعدادکار بتدریج بڑھا رہے ہیں، پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد ہوگا تو کراچی کیلئے بھی پروازیں کھولیں گے،

قبل ازیں حکومت پاکستان نے کینیڈا حکومت کی درخواست پر دو خصوصی پروازیں ٹورنٹو کے لئے روانہ کردی ہیں۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق کراچی سے پرواز پی کے 781 اور لاہور سے پی کے779 مجموعی طور پر چھ سو مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی،اس دوران مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان کو ڈس انفیکشن کیا گیا۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق دونوں پروازوں کے لئے حفاظتی اقدامات بین الاقوامی معیار سے بہت زیادہ بڑھ کرتھے،تمام مسافروں کی اسکرینگ اور ڈس انفیکشن پی آئی اے کے عملے نے بہت مستعدی سے کی، ان پروازوں کی مانیٹرنگ کے لئے پی آئی اے کی اعلی انتظامیہ خود ایئر پورٹ پر موجود تھی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی دونوں خصوصی پروازوں کو گزشتہ روز اڑان کے لیے اجازت ملی تھی،کینیڈا سے دونوں پروازیں خالی واپس آئیں گی، دیگر پروازوں کی بکنگ کیلئے پی آئی اے کے دفاتر اور کال سینٹر سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ کورونا وائرس سے احتیاط کے تناظر میں لوگ آن لائن بکنگ اور ٹکٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ ہجوم سے بچا جا سکے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگلے چند روز کے دوران بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو ملک واپس لائیں گے۔ ترکی،باکو،کوالالمپور، برطانیہ،کینیڈا کیلئےخصوصی پروازیں جائیں گی۔ ‏پہلےمرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی، ‏فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی، ‏ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 3 اپریل سے بحال ہو گا،

‏تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گی ‏پروازیں اترنے کے بعد لاؤ نج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا، ‏ملک بھر میں ہر قسم کی علاقائی پروازیں 11 اپریل رات 12بجے تک منسوخ رہیں گی ،‏حکومت پاکستان نے ڈومیسٹک پروازوں کو منسوخ کرنے کی تاریخ میں توسیع کردی

Leave a reply