سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب سے گندگی صاف کرنے کے احکامات کو تحصیل بھلوال انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا ، تحصیل انتظامیہ نے شہر کا سارا کچرا چک 14 شمالی کے قریب پھینک دیا .
سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقہ چک 14 شمالی کے رہائشی تحصیل انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بدبو اور تعفن زدہ ماحول میں سانس لینے پر مجبور ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوڑا کرکٹ کو صاف کرنے کا ٹاسک دیا لیکن تحصیل بھلوال انتظامیہ نے سارا کوڑا چک 14 شمالی کے قریب پھینکا ہوا ہے ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور کمشنر سرگودھا نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں کچرے کے باعث علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے ، بدبو اور تعفن زدہ ماحول میں سانس لینے سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ۔
شہریوں نے متعدد درخواستیں دیں لیکن ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور کمشنر سرگودھا نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب کو صاف کرنے کا دعوے کر رہی ہیں لیکن دوسری جانب پورے شہر کا کچرا ہمارے گاؤں کے قریب پھینک دیا گیاہے ۔ جو ہمارے ساتھ ظلم ھے ، ہمارے بچے خواتین بزرگ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ، علاقہ میں رہنا بھی محال ہو چکا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر بھلوال اپنے دفتر کے کمرے تک محدود ہیں ، کوئی ہماری درخواست سننے والا نہیں، شہریوں کا کہنا کہ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور منتخب عوامی نمائندگان سے اپیل ہے کہ فوری نوٹس لیں اور اس کچرے کو یہاں سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے ۔