بھارت کشمیریوں کی اپنی جدوجہد آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا۔ صدرمملکت

0
24

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مخلص قیادت اور تمام دستیاب وسائل کے مدبرانہ استعمال اور محنت کے ذریعے قومی ترقی اور بلند مقام حاصل کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مخلص قیادت اور تمام دستیاب وسائل کے مدبرانہ استعمال اور محنت کے ذریعے قومی ترقی اور بلند مقام حاصل کیا جا سکتا ہے، یہ عوامل اس وقت کارگر ہوتے ہیں جب سرکاری ملازمین ایمانداری کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں، موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کے باعث معیشت میں بہتری آئی ہے، بھارت کی فسطائی قیادت اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، بھارت کشمیریوں کی اپنی جدوجہد آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا۔

ان خیالات کا اظہار پیر کو ایوان صدر میں ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) کے تربیت کے 111 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس اور سری لنکا کے سول افسران/شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ موثر اور غیر جانبدار سول سروس نظم و نسق کے فعال نظام کا مرکزی نکتہ ہے۔ سینئر سول سرونٹس کا بطور لیڈر اور ریاست کے کسٹوڈین کی حیثیت سے کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے ذہن میں لوگوں کی بہتری کو جگہ دیں اور انہیں ہر وقت عوامی خدمات کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر سے احساس محرومی پیدا ہوتا ہے اس لئے عوامی مسائل کے حل میں قواعد و ضوابط کی ضروریات کو رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ سری لنکا کے سول افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے امید ظاہر کی کہ ٹریننگ کورس سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور انہیں ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نمٹانے کے لئے مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے کورسز اور ٹریننگ اپنی معلومات کو دوسروں کو فراہم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا شاندار موقع ہے۔ انہوں نے ان کے پاکستان میں قیام کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a reply