بھارتی حکام سید علی گیلانی کو علاج کی سہولیات فراہم نہیں کررہے، صدر کشمیر یوتھ الائنس
بھارتی حکام سید علی گیلانی کو علاج کی سہولیات فراہم نہیں کررہے، صدر کشمیر یوتھ الائنس
اسلام آباد (باغی ٹی وی ) سیدہ آسیہ اندرابی کے بھانجے اور کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت سید علی گیلانی کو علاج کی مناسب سہولیات فراہم نہیں کررہا، سید علی گیلانی شدید بیمار ہیں، گیلانی خاندان کے مرکزی گھر میں سوگ کا عالم ہے، انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی ساری زندگی جدوجہد سے تعبیر ہے۔ آزادی اور حق خود ارادیت کی جدوجہد میں عمر کا زیادہ حصہ بھارتی جیلوں میں گزارا ہے، جبکہ دس سال سے زائد عرصہ نظربندی میں گزارے، حالت بیماری میں بھی نظربند ہیں۔ بھارت نے حریت قائد کی آزادی کی آواز دبانے کے لیے ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے آزمائے لیکن وہ ان کے عزم و حوصلے کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ فروری میں ڈاکٹر قاسم کو بھی جیل میں 28 سال مکمل ہوگئے مگر وہ عزم و ہمت کا پیکر بنے ہوئے بھارتی جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سید علی گیلانی کیلئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کریں جبکہ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عالمی اداروں پر زور ڈالیں تاکہ بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ سید علی گیلانی کو علاج کی سہولیات فراہم کریں، سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر کی عوام کیلئے امید ہیں۔