کراچی : وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب ہر فرد کو انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا سندھ حکومت کی اولین ترحیح ہے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ انسانی حقوق کے زیر انتظام عالمی یوم انسانی حقوق کی مناسبت سے منعقدہ تقریری مقابلے کے شرکاسے گفتگو کے دوران کہی۔
سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن اور سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں سے تعلیم حاصل کی اس کالج میں بحیثیت مہمان خصوصی آنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ایس ایم سائنس کالج کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی بنیاد بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ہاتھوں سے رکھی گئی۔
اس ضمن میں کالج کی بلڈنگ کو نیشنل ہیریٹیج ڈکلیئرڈ کروانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سے قبل "مہذب معاشرے میں انسانی حقوق کا کردار” کے عنوان پر طلبہ و طالبات نیاردو، سندھی اور انگریزی زبان میں تقریر کیں۔ اس تقریری مقابلے میں کراچی کے مختلف سرکاری اسکولز اور کالجز کے 50 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی ہیومن رائٹس ویجیلینس کمیٹی کے ممبران ایوب کھوسہ، قیصر نظامانی ، ڈاکٹر راکیش موتیلانی، پرنسپل ایس ایم سائنس کالج بیم راج کالانی، سابق پرنسپل ایس ایم سائس کالج حافظ فصیح نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آخر میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved