پاکستان پیپلز پارٹی ساہیوال کے رہنما اور ممتاز سیاسی شخصیت حسن اقبال جوئیہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے حالیہ پارٹی انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کو بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
حسن اقبال جوئیہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی ایک نئی توانائی کے ساتھ عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی اور ملک میں مثبت سیاسی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔حسن اقبال جوئیہ نے پارٹی کی نئی قیادت کے انتخاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر جمہوری عمل کا جاری رہنا ہی اس کی طاقت ہے۔ انہوں نے ہمایوں خان کو سیکرٹری جنرل، ندیم افضل چن (گوندل) کو سیکرٹری اطلاعات اور آمنہ پراچہ کو سیکرٹری فنانس منتخب ہونے پر بھی تہنیتی پیغام دیا اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
حسن اقبال جوئیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عوامی مسائل کو اجاگر کرتی آئی ہے اور اب جب پارٹی کی قیادت نوجوان، تعلیم یافتہ اور وژنری ہاتھوں میں ہے، تو توقع ہے کہ پیپلز پارٹی ماضی کی طرح ایک بار پھر عوامی امنگوں کی ترجمان بن کر سامنے آئے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی ویژن ملک کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے، اور ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے.انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمایوں خان، ندیم افضل چن اور آمنہ پراچہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے اور پارٹی کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ذاتی طور پر اور بطور پارٹی رہنما، پارٹی کی قیادت اور فیصلوں کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں اور ہر سطح پر پارٹی کی حمایت جاری رکھیں گے۔