ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کا جنم دیہاڑ، بھارت سے 26 سو سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد
سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے جنم دیہاڑ کے موقع پر 26 سو سے زائد بھارتی سکھ یاتری سخت سکیورٹی حصار میں واہگہ بارڈر کے راستے ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ننکانہ صاحب آمد پر سکھ یاتریوں کا تاریخی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے بھارتی یاتریوں کو خوش آمدید کہا، پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے، جبکہ انتظامیہ کے اہلکاروں نے ان پر گل پاشی بھی کی۔

بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں جس محبت اور عزت کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا، ویسا استقبال کسی پردھان منتری کا بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں کی عوام کی محبت دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ سکھ یاتریوں نے حکومتِ پاکستان کے شاندار انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب کو بین الاقوامی شہر کے طور پر ترقی دینے پر وہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بے حد مشکور ہیں۔

جتھہ لیڈر سردار کلدیپ سنگھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بدلتا اور ترقی کرتا پنجاب دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکھ برادری کی مذہبی عبادت گاہوں کا خاص خیال رکھا ہے جس پر پوری سکھ قوم حکومتِ پاکستان کی شکر گزار ہے۔

دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری کل بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی، رہائش اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔










