پاکستان کے معروف اور سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان کی آج سالگرہ ہے۔سالگرہ کے موقع پر مبشر لقمان کو مختلف شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں
مبشر لقمان 11 جنوری 1963ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔مبشر لقمان نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر لاہور سے حاصل کی اور انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور میں مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا۔مبشر لقمان نے اپنی صحافتی کیریئر کا آغاز چینل بزنس پلس سے بطور میزبان کیا تھا۔ ٹیلی ویژن اسکرین پر اپنے پہلے تجربے کے دوران انہوں نے پاکستان کے معاشی، سیاسی اور سماجی مسائل کو اجاگر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ایکسپریس نیوز میں پروگرام "پوائنٹ بلینک” کی میزبانی کی اور پھر دنیا نیوز میں منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے "کھری بات ود لقمان” کے نام سے پروگرام کیا۔
مبشر لقمان نے اے آر وائی نیوز میں "کھرا سچ” کے پروگرام کی میزبانی کی جس کے ذریعے انہوں نے متعدد سیاستدانوں کی کرپشن اور جھوٹ کو بے نقاب کیا۔ ان کا پروگرام "کھرا سچ” عوام میں بے حد مقبول ہوا اور اس کے ذریعے انہوں نے کئی سیاسی معاملات پر کھل کر اپنی رائے دی۔مبشر لقمان مختلف ٹی وی چینلز میں کھرا سچ پروگرام کرتے رے، آج کل 365 نیوز پر انکا پروگرام کھراسچ جمعہ سے اتوار شام آٹھ بجے نشر ہوتا ہے، اس دوران، ان پر کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں کئی مقدمات بھی درج کیے گئے، مگر عدالتوں نے ان کے حق میں فیصلے دیے اور ان کی سچائی کو تسلیم کیا۔
مبشر لقمان نے اپنے صحافتی سفر میں کئی سنگ میل عبور کیے ہیں اور انہیں ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات کے لیے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ ان کا اندازِ صحافت، ان کی جرات مندانہ تحقیقات اور سچائی کی تلاش نے انہیں میڈیا کی دنیا میں ایک منفرد مقام دلایا ہے۔مبشر لقمان کی سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے والی خصوصیت ان کی بے باک صحافت اور سوالات اٹھانے کی جرات ہے۔
وہ کئی بڑے نیوز چینلز کے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں اور ان کی تحقیقاتی رپورٹنگ نے عوامی سطح پر گہری تاثیر ڈالی ہے۔
مبشر لقمان نہ صرف ایک قابل صحافی ہیں بلکہ انہوں نے سیاست میں بھی اپنی موجودگی کو محسوس کرایا ہے۔ وہ 2007 اور 2008 میں پنجاب کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات بھی رہے ہیں۔ اپنے پروگرام "کھرا سچ” کے ذریعے، انہوں نے نہ صرف حکومتی کرپشن کو بے نقاب کیا بلکہ عوامی مسائل پر بھی گہری نظر رکھی۔
مبشر لقمان کی ایمانداری اور بے باکی کی بدولت وہ ایک اہم شخصیت بن چکے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد مبشر لقمان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی رہا، اور ان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا گیا، تاہم وہ ہمیشہ اپنی سچائی پر قائم رہے اور کرپشن کے خلاف آواز بلند کرتے رہے۔ مبشر لقمان کے بارے میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی یہ اعتراف کیا کہ وہ ایک بہادر صحافی ہیں جو طاقتوروں کی کرپشن کو بے نقاب کرتے ہیں۔مبشر لقمان نے ہمیشہ حقائق کو سامنے لانے اور حکومتی کرپشن کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ پاکستان کے واحد اینکر ہیں جنہوں نے ہمیشہ سچ بولنے کی جرات دکھائی اور حکمرانوں اور اپوزیشن دونوں کو آئینہ دکھایا۔
مبشر لقمان پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک باغی ٹی وی کے سی ای او بھی ہیں ۔ باغی ٹی وی اردو انگریزی، چینی زبان، پشتو ، دری میں شائع ہو رہا ہے، مبشر لقمان کا یوٹیوب چینل مبشر لقمان آفیشیل یوٹیوب چینل بھی پاکستان کے مقبول ترین چینلز میں سے ہے۔بیباک تبصروں اور تجزیوں کے ساتھ کھرا سچ اور پھر اس پر ڈٹ جانا مبشر لقمان کی پہچان ہے، انہوں نے مفاد کی خاطر کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا بلکہ علی الاعلان کلمہ حق کہا یہی وجہ ہے کہ ان پر نہ صرف مقدمے بنائے گئے بلکہ متعدد بار انکے پروگرام کو بھی بند کروانے کی مذموم کوشش کی گئی.
مبشر لقمان پاکستان برج فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، دو برس قبل لاہور میں انہوں نے ایشیا اور مڈل ایسٹ کے برج فیڈریشن کے تحت مقابلہ جات کروائے جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی.پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ کے نائب صدر بھی ہیں. یہ نہ صرف مبشر لقمان اور پاکستان برج فیڈریشن کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے جبکہ ملک پاکستان کیلئے بھی اعزاز ہے کہ مبشر لقمان کو اس کھیل کے میدان میں عالمی سطح پر انہیں اپنی خدمات پر سراہا جارہا ہے.
مبشر لقمان کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر HBD_Mubasherlucman ٹرینڈ میں مداحوں سمیت معروف شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں اور ساتھ ہی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے-