بینظیر نشوونما کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھا دیا گیا. شازیہ عطاء مری

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے عالمی بینک اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندگان کے ہمراہ آج صوبہ سندھ کے رورل ہیلتھ سینٹر جام نواز علی میں قائم بینظیر نشوونما سینٹر کا دورہ کیا جبکہ ترجمان بی آئی ایس پی مہران عطاء کے مطابق دورے کے دوران وفاقی وزیرشازیہ مری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ہمیشہ غریب عوام کی فلاح بہبود کے لئے اچھے پروگرام مرتب کیے جاتے رہے ہیں ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے بینظیر نشوونما پروگرام میں رجسٹرڈ 7 لاکھ 70 ہزار حاملہ خواتین، نومولود بچوں اور دودہ پلانے والی خواتین کی غذائی کمی کو دور کرنے کی غذائیت سے بھرپور غذا فراہم کی جاتی رہی ہے۔
جبکہ ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ خوراک خواتین اور دوسال تک کی عمر کے بچوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ جس سے زچہ و بچہ کی صحت پر اچھے نتائج مرتب ہورہے ہیں اور اس کے لئے بینظیر نشوونما کا دائرہ 15 اضلاع سے بڑھا کے ملک بھر میں کردیا گیا ہے۔ جس کے لئے 157 اضلاع میں 488 مراکز کام کر رہے ہیں۔ اگلے مالی سال کیلئے بینظیر نشوونما پروگرام کا بجٹ 32 ارب سے زائد رکھا گیا ہے جس سے 1.5 ملین افراد مستفید ہونگے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سیلاب زدگان میں بر وقت 70 ارب روپے تقسیم کئے اور اب ہم سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور اس کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ سیلاب میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جن میں زیادہ تر کا تعلق سندھ اور بلوچستان سے تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
بلوچستان میں ” باپ” کا کردار بدستور اہم رہے گا
چین میں پاکستانی آموں کی نمائش اگست کے تیسرے ہفتے میں
اسٹیٹ بینک کا شرح سود22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ
باجوڑ، خار میں دہشت گردی،سی پیک کی دس سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ
شازیہ مری کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسرکرنے والی خواتین کی رجسٹریشن کے لیے ڈائنامک سروے شروع کیا گیا ہے جس سے مستحق خواتین کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا. اس وقت ملک میں617 ڈائنامک رجسٹری سنٹر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے بینظیر کفالت پروگرام میں توسیع کی، اس کا دائرہ کار بڑھایا اور اس کے ذریعے اب 90 لاکھ خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر 8750 روپے دیئے جارہے ہیں۔ تاہم اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیض محمد مری، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی فدا حسین لاشاری و دیگر افسران بھی موجود تھے۔