بی جے پی رہنما کے بیٹے کا پاکستانی لڑکی سے آن لائن نکاح
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنما کے بیٹے کا نکاح پاکستان میں مقیم لڑکی سے آن لائن ہوگیا۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارتی سیاستدان کے بیٹے کی پاکستانی لڑکی کے ساتھ آن لائن نکاح کی تقریب منعقد ہوئی ہے بے جے پی رہنما کے بیٹے محمد عباس حیدر اور پاکستان کے شہر لاہور کی لڑکی عندلیب زہرا کی شادی پہلے سے طے تھی لیکن دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث لڑکی کو ویزا نہ مل سکا جس کے باعث دونوں نے آن لائن شادی کرلی، ریاست اترپردیش کے شہر جونپور میں آن لائن نکاح کی تقریب منعقد ہو ئی-
عندلیب زہرا کی والدہ رانا یاسمین زیدی شدید بیمار ہوگئیں اور انہیں لاہور کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جس کے باعث اس نکاح کو آن لائن کرنا پڑا،جمعے کی شب دولہے کے اہل خانہ مقامی طور پر جمع ہوئے، جبکہ دلہن کا خاندان لاہور سے آن لائن شادی کی تقریب میں شامل ہوا، نکاح کے بعد دلہا عباس حیدر نے امید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو اب بغیر کسی پریشانی کے بھارتی ویزا مل جائے گا، دلہن کے اہل خانہ کا بھی کہنا تھا کہ آئی سی یو میں داخل دلہن کی والدہ کی خواہش تھی کہ کم از کم نکاح ہوجائے جس پر آن لائن نکاح کیا گیا۔