بول ٹی وی کی مہم، سینئر صحافیوں کا پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ، فواد چوہدری کا قانونی کاروائی کا اعلان

بول ٹی وی اور فواد چوہدری کے درمیان چند دنوں سے جاری لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے اور مختلف صحافتی حلقوں کی جانب سے پیمرا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بول ٹی وی کی جانب سے شروع کی گئی بے بنیاد مہم کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے خلاف کاروائی کرے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینئر صحافی اور اینکر حامد میر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بول نیٹ ورک نے صرف وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے خلاف ہی مہم شروع نہیں کی بلکہ چار ٹی وی چینلز جیو، دنیا، ڈان اور ایکسپریس کے خلاف بھی ماضی میں گستاخی کے الزامات لگائے گئے تھے مگر عدالت میں مجھ سمیت بعض دیگر صحافیوں کے خلاف وہ عدالت میں کسی طرح کا بھی الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اسی طرح دیگر کئی صحافیوں نے بھی بول ٹی وی کی طرف سے شروع کی گئی مہم پر اسے تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی سمیع ابراہیم نے چند دن قبل ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے اندر سے بعض لوگ سازش کر رہے ہیں جن میں فواد چوہدری پیش پیش ہیں اور ان کا پیپلز پارٹی سے رابطہ بھی ہے۔صحافی سمیع ابراہیم کے اس دعویٰ پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے انتہائی سخت ٹویٹس کی تھی جبکہ اب فواد چوہدری نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ سمیع ابراہیم اور ان کے مالکوں کے خلاف امریکہ میں قانونی کاروائی کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔

Comments are closed.