برائلر گوشت کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

0
52

برائلر مرغی کے گوشت نے مہنگائی کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں برائلر گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا- تفصیلات کے مطابق لاہور، کراچی اور فیصل آباد میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ تھمنے کو نہیں آ رہا ، گوشت کی فی کلو قیمت میں ایک بار پھر سے مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت مستحکم نہ ہو سکی۔ گوشت کی فی کلو قیمت میں ایک بار پھر سے آٹھ روپے فی کلو اضافہ کے ساتھ برائلر مرغی کا گوشت 600 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ عید کے بعد سے اب تک گوشت کی قیمتوں میں چونتیس روپے اضافہ ہوچکا ہے جس سے شہری ہی نہیں بلکہ دکاندار بھی پریشان ہو گئے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ گوشت کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کی دکانداری میں بھی فرق آیا ہے کیونکہ صارفین کی طرف سے خریداری کا رجحان کم ہوا ہے۔ جب تک حکومت مداخلت نہیں کرے گی مرغی گوشت کی قیمت میں استحکام نہیں آئے گا۔
چکن کی قیمتوں میں 90 روز میں 200 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی پیداوار کم ہونے اور فیڈ مہنگا ہونے کی وجہ سے زیادہ تر پولڑی فارم مالکان نے مرغیوں کی پیداوار کم کر دی ہے جس سے مرغی اور انڈوں کے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 19 پولٹری فیڈ کمپنیاں قیمتوں کے تعین کے حوالے سے مبینہ گٹھ جوڑ میں ملوث رہی ہیں اور ان کی مبینہ کمپٹیشن مخالف سرگرمیاں پولٹری فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنی ہیں۔
مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولٹری فیڈ برائلر گوشت اور انڈوں کی لاگت کا تقریبا 75 سے 80 فیصد ہے۔ لہذا پولٹری فیڈ کی قیمتوں میں اضافے سے مرغی اور انڈوں کی قیمتوں پر اثر پڑتا ہے۔دسمبر 2018 سے دسمبر 2020 کے درمیان فیڈ ملوں نے آپس میں ملی بھگت کر کے پو لٹری فیڈ کی قیمتوں میں اوسطا 836 روپے فی 50 کلوگرام بیگ یعنی 32 فی صد اضافہ کیا۔

Leave a reply