اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔
بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے دوران درج کیے گئے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 28 اپریل تک توسیع کر دی۔ یہ مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں بھی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔ دوران سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ وہ آرڈر میں تحریر کریں گے کہ بشریٰ بی بی کو شاملِ تفتیش کیا جائے۔
عدالت نے پولیس اور تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ بشریٰ بی بی کو قانونی تقاضوں کے مطابق تفتیش میں شامل کیا جائے اور تمام شواہد عدالت کے روبرو پیش کیے جائیں۔