کینیڈا کا ویزہ آفس اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ
کینیڈا نے پاکستان کے لیے اپنا ویزہ آفس ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ شفقت علی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ کینیڈا کی حکومت نے ویزہ آفس اسلام آباد منتقل کرنے کے لئے خطیر رقم مختص کردی ہے۔ واضح رہے کہ 10 سال پہلے کینیڈا نے ویزہ آفس مختلف وجوہات کی بنا پر ابوظہبی منتقل کردیا تھا۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکیہ جانے والے مسافروں کے پاس موجود ہر قسم کی چھالیہ اور سونف سپاری کے پیکٹ سختی سے روکنے کی ہدایت جاری کردی۔ وزارت خارجہ کی ہدایات پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکیہ جانے والی تمام ائرلائنز و اداروں کو مراسلہ جاری کردیا، جس کے مطابق ترکیہ جانے والے مسافروں کے پاس موجود ہر قسم کی چھالیہ اور سونف سپاری کے پیکٹ سختی سے روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق مسافروں اور انکے سامان کی خصوصی اسکریننگ کے ذریعے ان اشیا کی روک تھام ممکن بنائی جائے۔ وزارت خارجہ کی ہدایات ایک پاکستانی مسافر سے ترکیہ میں چھالیہ برآمدگی پر گرفتاری کے تناظر میں جاری کی گئیں، مراسلہ ایئرپورٹ مینیجرز، ایئرلائنز، اے ایس ایف اور گراؤنڈ ہینڈلنگ اداروں کو ارسال کیا گیا ہے۔