سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پرپابندی عائد کردی گئی
امرتسر:سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پرپابندی عائد کردی گئی ،اطلاعات کےمطابق سکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت شرومنی گورودوارہ پربندھک کمیٹی نے بھارت میں سکھوں کے سب سے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب میں ٹک ٹاک ویڈیوزبنانے پرپابندی لگادی ہے۔
شرومنی کمیٹی کے مطابق دنیابھرسے سکھوں کے علاوہ مختلف مذاہب کے لوگ گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب آتے ہیں جویہاں یادگارکے طورپراپنی ویڈیو اورتصاویربنواتے ہیں۔ اس پرکبھی بھی پابندی نہیں لگائی گئی تھی تاہم اب کچھ عرصہ سے نوجوان لڑکے، لڑکیاں اس مقدس مقام پرآکر مزاحیہ اندازمیں ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہیں جو اس جگہ کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔
گولڈن ٹیمپل کے مینیجرسردار راجیندرسنگھ روبی نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہرمندرصاحب میں فوٹوگرافی اور ویڈیو بنانے پرپابندی نہیں لگائی گئی ہے تاہم ٹک ٹاک اورفنی ویڈیوزبنانے پرپابندی ہوگی اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس حوالے سے سیکیورٹی عملے کوالرٹ کردیاگیاہے جبکہ گولڈن ٹیمپل میں کئی ایک مقامات پرنوٹس بھی لگادیئے گئے ہیں، جس میں کہاگیاہے کہ شری ہرمندرصاحب ایک مقدس استھان ہے یہاں ادب واحترام کے تقاضوں کوملحوظ خاطررکھاجائے۔شرومنی کمیٹی کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کی طرف سے دنیابھرمیں موجود گورودواروں میں ٹک ٹاک ویڈیوبنانے پر پابندی کی سفارش بھی کی جاسکتی ہے۔